دہشت گرد اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری، غزہ میں ملبوں سے لاشوں کو نکالنے والوں کو بنایا نشانہ
دہشت گرد اسرائیلی فوج جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اپنے تباہ ہو چکے گھروں کی طرف لوٹنے والے فلسطینیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور ساتھ ہی ان لوگوں پر بھی حملے کر رہی ہے جو لوگ ملبوں میں دبی ہوئی لاشوں کو باہر نکالنے کو کوششیں کر رہے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: جزیرہ کے مطابق غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی فوج کے حملے کی مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق، ایک اسرائیلی کواڈ کاپٹر نے شبورا کیمپ میں اپنے تباہ شدہ گھروں سے ملبہ صاف کرنے والے فلسطینیوں کے ایک گروپ پر گولیاں برسائیں ہیں ساتھ ہی منہدم عمارتوں کے ملبوں سے لاشوں کو نکالنے والوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
در ایں اثنا اس حملے میں شہید ہونے والے ایک فلسطینی کی شناخت 28 سالہ اکرم عاطف زانون کے نام سے ہوئی ہے جب کہ چار دیگر افراد زخمی ہوئے۔ بدھ کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کا چوتھا دن ہے تاہم اب بھی دہشت گرد اسرائیلی فوج کے ذریعے کئے جانے والے وحشیانہ حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین شہر میں فوجی آپریشن کیا جس میں 9 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے بھی مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی املاک پر حملوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔