ایران اور عراق کی امداد کی قدردانی؛ حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ وہ ایران اور عراق کی حمایت و مدد کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا کہ لبنان میں حتیٰ ایک دن کے لئے بھی اس کی غاصبانہ موجودگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے شب بعثت رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر اپنے خطاب میں، فلسطین سمیت علاقے کے حالات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کی کامیابی، علاقے کی سبھی اقوام اور دنیا بھر کے حریت پسندوں کی کامیابی ہے جنہوں نے ملت فلسطین کی حمایت اور پشت پناہی کی۔ شیخ نعیم قاسم نے فلسطین کی مجاہد قوم اور استقامتی فلسطینی محاذ کو عظیم کامیابی کی مبارکباد پیش کی۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی جنگ میں، جنگی مجرم کی طرح سامنے آیا لیکن اپنے مقصد ميں ناکام رہا اور اپنے جںگی قیدیوں کو آزاد کرانے کے لئے فلسطین کے استقامتی محاذ سے سمجھوتے پر مجبور ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ استقامتی محاذ، غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے اور مقبوضہ سرزمینوں کی آزادی کے لئے ایک سیاسی، ملی اور انسانی انتخاب ہے۔
حزب اللہ لبنان کے سیکریٹر جنرل نے کہا کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق کی جانب سے لبنانی عوام کی حمایت اور مدد کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے اور اس کامیابی پر اپنے حلیفوں، اسلامی جمہوریہ ایران، یمن اور لبنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔