ترکیہ میں 6.2 شدت کے زلزلے سے 151 افراد زخمی
استنبول کے گورنر کے دفتر نے اعلان کیا کہ صوبے میں زلزلے سے 151 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: استنبول کے گورنر کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ زلزلے کے وقت، 151 افراد عمارتوں اوربلندیوں سے چھلانگ لگا کر زخمی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے ۔ تاہم استنبول کے گورنر کے دفتر نے اعلان کیا کہ استنبول میں آنے والے زلزلوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ترکیہ میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز ترکیہ کے شہر مرمرا ایگریلیسی کے جنوب مشرق میں 21 کلومیٹر کے فاصلے پر 10 کلو میٹر زیر زمین تھا۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ پریذیڈنسی کے اعداد و شمار کے مطابق استنبول 40 منٹ میں 3 بار زلزلوں سے لرز اٹھا۔
خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ترکیہ کے ساتھ ساتھ یوکرین، یونان، بلغاریہ، رومانیہ سمیت کئی یورپی ممالک میں محسوس کئے گئے۔
ترکیہ میں 6.2 شدت کے زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹرزمین کی گہرائی میں تھا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے ایکس پر لکھا کہ وہ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور ان کے دفتر نے اس بارے میں ہدایات جاری کی ہیں کہ دوبارہ زلزلہ آنے کی صورت میں لوگوں کو کیا کرنا چاہیے ۔