Apr ۲۸, ۲۰۲۵ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • غزہ پر دہشت گرد اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری، دسیوں شہید اور زخمی

غزہ کے خلاف نئی جارحیت کے بیالیسویں روز صیہونی فوج نے فلسطینیوں پر فضائی حملہ کیا اور گولہ باری کی جس میں دسیوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام:  غزہ کے خلاف نئی جارحیت کے بیالیسویں روز مختلف علاقوں پر صیہونی فوج نے بمباری و گولہ باری کی اور ان علاقوں کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنایا اور گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران دسیوں فلسطینی عام شہری شہید و زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا اور غزہ کا محاصرہ مزید تنگ کر دیا۔ فلسطین کی تحریک استقامت نے بھی صیہونی جارحیت کے جواب میں صیہونی فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا اور صیہونی فوجیوں کو خاصا نقصان پہنچایا۔  الجزیرہ کے نامہ نگار نے بھی رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غزہ کے المغازی کیمپ میں ایک مکان پر حملہ کیا جس میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔

فلسطینی ذرائع نے جبالیا کیمپ کے مغرب میں ایک رہائشی عمارت پر صیہونی جارحیت میں دس فلسطینیوں کے شہید اور متعدد دیگر کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ غزہ کے شمال مغرب میں ملبے کے نیچے دبے لوگوں کو باہر نکالنے کی کاروائی جاری تھی۔ صیہونی فوج نے اسی طرح خان یونس کے جنوب میں قیزان ابو رشوان پر گولہ باری کی۔ صیہونی جنگی طیاروں نے بھی غزہ کے جنوب میں رہائشی علاقوں پر بمباری کی اور خان یونس کے مغرب میں خیمہ بستیوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جبکہ الشافعی پر بمباری میں دو فلسطینی شہید ہوئے۔ 

 

ٹیگس