غزہ جنگ بندی کی پیش کی گئی تجویز امریکا کی فلسطینیوں کے خلاف ایک بڑی سازش!
فلسطین کی تحریک حماس کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کی امریکی تجویز کا مقصد فلسطینیوں کے قتل عام کو مزید طول دینا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے رکن باسم نعیم نے جنگ بندی کے بارے میں امریکی تجویز پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پیش کردہ جنگ بندی کا منصوبہ درحقیقت غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام اور قحط کے جاری رہنے کا سبب بنے گا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ حماس کی قیادت اس تجویز پر غور کر رہی ہے تاہم یہ تجویز فلسطینی عوام کے مطالبات خصوصاً جنگ کے مکمل خاتمے کو پورا نہیں کرتی۔

حماس کے سیاسی دفتر کے رکن نے کہا کہ امریکی جنگ بندی کی تجویز کا مطلب یہ ہے کہ قتل عام، قحط، اور انسانی بحران بدستور جاری رہے گا۔ یہ فلسطینیوں کی امنگوں کا جواب نہیں ہے۔ باسم نعیم نے مزید کہا کہ حماس کی قیادت امریکی تجویز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد مناسب ردعمل کا اظہار کرے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل نے امریکی جنگ بندی منصوبے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ منصوبہ حماس کو غور کے لیے پیش کیا گیا ہے۔