Jun ۰۱, ۲۰۲۵ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • FILE PHOTO
    FILE PHOTO

یمنی فوج کے میزائل حملوں کی وجہ سے تل ابیب کے بن گوریان ائیرپورٹ پر پروازیں معطل کی گئی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل پر یمنی فوج کے حملے کے نتیجے میں تل ابیب کے بن گوریان ائیرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ دوبارہ منقطع ہوگیا ہے۔ عبرانی و عربی ذرائع ابلاغ کے مطابق یمن کی جانب سے صہیونی علاقوں پر میزائل حملوں کی نئی لہر کے بعد بن گوریان ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ میزائل حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجائے گئے جس سے یروشلم، تل ابیب، الخلیل، غرب اردن اور دیگر صہیونی بستیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

قدس الاخباریہ کے مطابق حملے کے فورا بعد کئی مقامات پر خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ یروشلم، غرب اردن اور دیگر علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ صہیونی چینل 14 نے رپورٹ دی ہے کہ یمنی میزائل حملوں کا ہدف بن گوریان ایئرپورٹ تھا۔ ایئرپورٹ کی پروازیں حملے کے بعد معطل کردی گئی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا کہ یمن سے داغے گئے ایک میزائل کا سراغ لگا کر فضا میں تباہ کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ الخلیل کے صہیونی علاقوں میں بھی سائرن کی آوازیں سنائی دیں جبکہ ساحلی علاقوں سے صہیونی باشندوں نے خوف کے مارے بھاگنا شروع کردیا۔ صہیونی میڈیا کے مطابق امریکی ساختہ تھاڈ سسٹم نے یمنی میزائل کو روکنے کی کوشش کی۔

دراین اثناء روسی نیوز چینل روسیا الیوم نے صہیونی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ یمن نے مارچ میں غزہ پر دوبارہ صہیونی جارحیت اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کے بعد سے اب تک متعدد میزائل داغے ہیں جن میں سے 5 میزائل صرف گذشتہ ہفتے کے دوران داغے گئے۔

ٹیگس