Jul ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی؛ شیخ نعیم قاسم

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ صیہونی جارحیت کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی اور صیہونی غاصب حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کو حزب اللہ کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: العہد نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے عاشورا کے موقع پر اپنے خطاب میں، عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کو، بدخواہوں کا واضح جواب اور مزاحمت کے راستے سے لبنانی قوم کی وفاداری کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ موجودہ صورت حال نے مزاحمت کے لیے عوامی حمایت کو کم کر دیا ہے لیکن آج کا عظیم اجتماع ظلم اور جارحیت کے خلاف لبنانی قوم کی مزاحمت کا منھ بولتا ثبوت ہے۔
شیخ نعیم قاسم نے لبنان کی سرزمین پر صیہونی حکومت کے مسلسل حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا دفاع ایک ناگزیر فریضہ ہے اور ہم مشکل ترین حالات میں بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون وہ امانت ہے جو ہمیں خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا۔ حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے یہ بات زور دیکر کہی کہ غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کا مطلب علاقے کی اقوام کے وقار کی توہین ہے اور حزب اللہ کبھی بھی اس عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔ 

ٹیگس