Sep ۱۲, ۲۰۲۵ ۰۷:۱۷ Asia/Tehran
  • عرب ممالک کی بے عملی نے صیہونی حکومت کو اور گستاخ بنا دیا ہے؛ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی

انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے قطر پر صیہونی جارحیت کے جواب میں میں خلیج فارس کے اطراف کے ممالک کے کمزور جواب پر سخت تنقید کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اپنی تازہ تقریر میں قطر پر صیہونی جارحیت کے جواب میں عرب ممالک کی جانب سے محض اظہار افسوس کو شرمناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ برادر ملک قطر جو کہ علاقے کا ایک اہم، خودمختار اور غزہ مذاکرات کے سلسلے میں معاون ملک ہے اس پر جارحیت، خلیج فارس کے اطراف تمام ملکوں پر جارحیت کے مترادف ہے۔ سید عبدالملک الحوثی نے زور دے کر کہا کہ صیہونی حکومت نے قطر پر جارحیت کرکے دو بڑے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ پہلے فلسطینی مذاکرات کار وفد کو نشانہ بنانا اور دوسرا قطر کے اقتدار اعلی پر حملہ۔
انہوں نے کہا کہ اس گھناؤنی حرکت کا مقصد علاقے کے ممالک کے خلاف جارحیت کے دائرے میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صیہونی حکومت کو امریکی حمایت کی جانب سے مکمل اطمینان حاصل ہے اور اس کا تکیہ بھی اسی پشت پناہی پر ہے اور اب یہ غاصب حکومت پورے فلسطینی خطے اور پھر علاقے کی مزید سرزمینوں کو ہڑپنا چاہتی ہے۔ انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ لبنان اور تل ابیب میں تخریبی اقدامات کا دائرہ اب اردن، مصر اور عراق تک پھیلانے کی کوشش کی جاری ہے اور امریکی بھی "گریٹر اسرائیل" کے منصوبے کے تحت جسے وہ مقدس اور بہت اہم سمجھتے ہیں، علاقے کی عوام کو تباہ کر رہے ہیں۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے دنیا کی صورتحال کو ایک جنگل کی طرح قرار دیا جہاں عرب بے دفاع شکار بن چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تل ابیب، واشنگٹن کی حمایت میں پوری امت اسلامیہ کو اپنی سازشوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔
انصاراللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ امت اسلامیہ کو ایک کھلے دشمن کی جانب سے سنجیدہ خطرہ لاحق ہے اور اگر اس خطرے کو نظرانداز کیا گيا یا گمراہی اور سستی برتی گئی تو اس کا انتہائی خطرناک نتیجہ برآمد ہوگا۔ سیدعبدالملک الحوثی نے زور دیکر کہا کہ فلسطین کے معاملے میں امریکہ کا موقف ایک وہم ہے کیونکہ امریکہ ثابت کرچکا ہے کہ وہ صرف اور صرف صیہونیوں کی بلاشرط حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے عرب اور اسلامی ممالک کی بے عملی کو صیہونی حکومت کی غنڈہ گردی کی وجہ قرار دیا اور کہا کہ اسی لاپرواہی نے غاصبوں کو اور بھی گستاخ بنا دیا ہے۔ انصاراللہ کے سربراہ نے کہا کہ ملت یمن نے فلسطینی عوام کی حمایت میں ایسے حال میں جہاد کا پرچم مضبوطی سے تھاما ہوا ہے کہ بہت سے فریق غزہ اور غرب اردن کے عوام کی مظلومیت کے سامنے سستی اور کاہلی برت رہے ہیں۔ سید عبدالملک الحوثی نے امریکہ کو "امن کا حامی" قرار دینے کو ایک ناقابل معافی گناہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عنوان زمینی حقیقتوں اور صیہونی حکومت کی حمایت میں واشنگٹن کے کردار کے منافی ہے۔

ٹیگس