بنگلہ دیش: گارمنٹس فیکٹری اور کیمیکل گودام میں آتش زدگی، کم سے کم 16 افراد ہلاک، متعدد زخمی
ڈھاکہ میں واقع ایک گارمنٹس فیکٹری اور اس سے متصل کیمیکل گودام میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ڈھاکہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کپڑے کی ایک فیکٹری اور کیمیکل گودام میں منگل کے روز دوپہر کے وقت بھیانک آگ لگ گئی جس میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اموات میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آگ ڈھاکہ کے میرپور علاقے میں لگی اور خیال کیا جاتا ہے کہ آگ سات منزلہ گارمنٹس عمارت کی تیسری منزل پر لگی۔ منگل کی شام تک آگ پر قابو پا لیا گيا۔ خبر لکھے جانے تک امدادی کام جاری تھا۔
آگ بجھانے والے شعبے کے ڈائریکٹر تاج الاسلام چوہدری نے بتایا کہ فیکٹری کی دوسری اور تیسری منزل سے 16 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں فوری طور پر معلوم پتہ نہیں ہے۔
تاج الاسلام چوہدری نے بتایا کہ ابھی فیکٹری مالکان کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، پولیس اور فوج ان کی تلاش میں ہے۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے اس دردناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات کی جائیں اور متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کو تمام ضروری امداد فراہم کی جائے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی ملبوسات کی صنعت ہے اور اس شعبے میں تقریباً 40 لاکھ کارکن ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔ ملبوسات کی سب سے بڑی صنعت چین میں ہے۔