صیہونی حکومت کے ساتھ مذاکرات ناقابلِ قبول: لبنان کے پارلیمانی اسپیکر
لبنان کے پارلیمانی اسپیکر نبیہ بری نے صیہونی حکومت کے ساتھ مذاکرات کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے صیہونی حکومت کے ساتھ مذاکرات کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا تو جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے سفیروں نے لبنان کے اسپیکر نبیہ بری سے بیروت کے مغربی علاقے عین التینہ میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر اسپیکر نبیہ بری نے 2006 میں حزب اللہ اور صیہونی حکومت کے درمیان تینتیس روزہ جنگ کے بعد سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرارداد سترہ سو ایک کا حوالہ دیا اور جنگ بندی کے معاہدے پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ لبنان کے خلاف صیہونی حکومت کے حملوں کا سلسلہ جاری رہنے سے جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔ لبنان کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ بمباری اور گولہ باری کے ہوتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات ناقابلِ قبول ہیں، جنوبی لبنان میں استحکام صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب صیہونی حکومت قرارداد سترہ سو ایک پر عمل کرے، جنگ بندی کے معاہدے کی روزانہ خلاف ورزیوں کو لگام دے اور اس کی فوج بین الاقوامی سرحدوں سے پیچھے ہٹ جائے۔
نبیہ بری نے جنگ بندی معاہدے کی نگراں کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کو فوری طور پر جارحیت روکنے پر مجبور کرے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok