غزہ پٹی میں بائرن طوفان کے نتیجے میں کم سے کم 14 فلسطینی جاں بحق
غزہ پٹی میں، جہاں غاصب اسرائیلی حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے سبب فلسطینیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، اب بائرن طوفان نے علاقے کے لوگوں کی مشکلات اور مسائل میں اضافہ کردیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: اطلاعات کے مطابق غزہ میں بائرن طوفان نے تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں کئی بچوں سمیت کم سے کم 14 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ہیں۔
غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں منہدم عمارتوں کے ملبے، خالی پلاٹوں اور تباہ شدہ محلّوں کے کھنڈرات پر قائم خیموں میں رہنے والے 15 لاکھ بے گھر فلسطینی پہلے ہی سخت حالات اور مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اب بائرن طوفان نے ان کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ کردیا ہے۔
بے گھر ہونے والے زیادہ تر فلسطینی خاندان پلاسٹک شیٹوں، پھٹی ہوئی ترپالوں اور لکڑی کے ٹکڑوں سے بنے عارضی خیموں میں رہتے ہیں، ایسے خیمے جو معمولی ہوا کا جھونکا بھی برداشت نہیں کر سکتے، اب خوفناک طوفان کا سامنا کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک ایک درجن سے زیادہ فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
شمالی غزہ کے علاقے بیر النعجہ میں بےگھر افراد کو پناہ دینے والا ایک مکان طوفان کے دوران منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ شہر کے ایک دیگر علاقے میں ایک دیوار گرنے سے بھی خیموں میں سوئے ہوئے دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
المواصی علاقے میں شدید سردی کے باعث ایک نومولود بچہ دم توڑ گیا اور شاطی پناہ گزیں کیمپ میں بھی ایک عمارت گرنے سے ایک فلسطینی جاں بحق ہوگیا۔ اسی کیمپ میں ایک کمسن بچہ شدید سردی کے باعث حاں بحق ہوا ہے جبکہ غزہ شہر کے مغرب میں واقع ایک خیمے میں بھی ایک نو سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
علاقے کے طبی عملے کے مطابق سردی کے باعث بچوں کی اموات میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے۔
ادھر خان یونس میں بارش کا پانی خیمے میں داخل ہونے سے آٹھ ماہ کی ایک بچی جاں بحق ہو گئی، خاندان کے افراد کے مطابق وہ بمباری سے تباہ شدہ، بغیر چھت کے ایک مکان میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
حکام کے مطابق غزہ کی زیادہ تر آبادی بےگھر ہوچکی ہے اور سرد موسم میں پناہ گاہوں اور امدادی سامان سے بھی محروم ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel