Jun ۱۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کسی محدودیت کے قائل نہیں: ایران

پاکستانی عوام کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ اور انکے استحکام کی مکمل حمایت کرتے ہیں، یہ بات سفیر ایران نے پاکستان کی شیعہ و سنی مذہبی و سیاسی شخصیات کے ساتھ ہوئے ایک اجلاس میں کہی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی قومی یکجہتی کونسل کے اراکین کے ساتھ اسلام آباد میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کا ایک اجلاس ہوا۔

اس موقع پر سفیر ایران نے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ تمام جہت سے ایران، پاکسان کے ساتھ عوامی رابطے کے استحکام کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اسلامی ممالک کے ساتھ تعاون کی راہ میں کسی محدودیت کا قائل نہیں ہے اور ہمیں آپسی تعاون سے ایسے حالات بنا دینے چاہئیں کہ پھر خطے میں بیگانہ طاقتوں کی موجودگی کے لئے کوئی بہانہ نہ رہ جائے۔

سفیر ایران نے فلسطین کو عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ مسلمانانِ عالم کو چاہئے کہ وہ اس معاملے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھیں کیوں کہ عالمی سامراج اور خطے میں انکے آلہ کار امت اسلامیہ کی ترجیحات کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس اجلاس میں پاکستان کی قومی یکجہتی کونسل کے سیکریٹری اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب سربراہ لیاقت بلوچ نے اسرائیل کو ایک ناجائز، جعلی اور فلسطینی قوم کی قاتل حکومت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں اس حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کوئی معنیٰ نہیں رکھتی پاکستان یکجہتی کونسل صیہونی سازشوں کو بےنقاب کرنے اور صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی ترغیب دلانے والے بعض داخلی عناصر کو رسوا کرنے کے لئے اپنے اقدامات جاری رکھے گی۔

ساتھ ہی انہوں نے فلسطین، کشمیر اور عالم اسلام کے اتحاد کے سلسلے میں ایران کی قیادت کے مستحکم موقف کی بھی قدردانی کی۔

ٹیگس