زمان پارک کا محاصرہ
شرپسندوں کو حوالے کرنے کے لئے پنجاب کی نگراں حکومت کی ڈیڈلائن ختم ہوگئی ہے اور پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: لاہور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے آس پاس موجود ہے اور پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
پولیس نے زمان پارک کے اطراف کی سڑکوں کو بند کر رکھا ہے اور علاقہ مکینوں کو شناخت کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
نگراں حکومت نے نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے اور نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے گذشتہ روز زمان پارک میں تیس سے چالیس مبینہ شرپسندوں کی موجودگی کا الزام لگاتے ہوئے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ چوبیس گھنٹے کے اندر شرپسندوں کو پولیس کے حوالے کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اور سیکورٹی ادارے ڈیڈلائن ختم ہونے کے بعد کی حکمت عملی اور ممکنہ آپریشن کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔
پنجاب کی نگراں حکومت نے گذشتہ روز شرپسندوں سے نمٹنے کے لیے پولیس کو فری ہینڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔