پاکستان: دہشتگردوں کے حملے میں 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق 3 دہشتگرد ہلاک
پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ژوب کے علاقے گیریژن میں دہشت گردوں کے حملے میں 4 فوجی اہلکار جاں بحق اور دیگر 5 شدید زخمی ہوگئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: آئی ایس پی آر کے مطابق صبح سویرے دہشت گردوں کے ایک گروپ نے شمالی بلوچستان میں ژوب گیریژن پر حملہ کیا ۔ دہشت گردوں کی تنصیب میں گھسنے کی ابتدائی کوشش کو ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں اب تک بھاری ہتھیاروں سے لیس تین دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ باقی دہشت گردوں کو ایک چھوٹے سے علاقے میں گھیر لیا گیا ہے۔
دہشت گردوں کو بھی پکڑنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جس کے دوران، چار سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے اور پانچ اہلکار شدید زخمی ہیں۔
یاد رہے کہ 2 جولائی 2023 کو بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دھانہ سر میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اور پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا تھا۔
واضح رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد سے پاکستان خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔