Oct ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت اپنے دہشت گردانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے: پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے اسرائیلی حکومت کے سخت احتساب کا مطالبہ کیا ہے ۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے جدہ میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے پائيدار اور منصفانہ حل کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو اس ملک کے عوام کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ صیہونی حکومت فوری طور پر حملوں، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور غزہ کا محاصرہ ختم کرے اور ساتھ ہی اپنے دہشت گردانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

پاکستان کے نگراں وزیر خارجہ نے غزہ میں تیز رفتار، محفوظ اور غیر محدود انسانی اور امدادی سامان کی فراہمی کے لیے انسانی ہمدردی کی راہداریوں کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا ۔

انہوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو مسئلہ فلسطین حل نہ کیے جانے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

ٹیگس