Nov ۲۰, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran

پاکستانی عوام نے ایک بار پھر مظاہرے کر کے مظلوم فلسطینی قوم سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں بہت بڑے پیمانے پر مظاہرے کئے گئے۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے دسیوں ہزار لوگ ان مظاہروں میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت سے اپنی نفرت و بیزاری کا اظہار اور فلسطینی قوم کی حمایت کا اعلان کیا۔ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ آغاجواد نقوی نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ مظاہرین نے لبیک یا اقصی، اور لبیک یا رسول اللہ کے نعرے لگائے۔ انہوں نے غزہ کے نہتے عوام پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود عالمی اداروں کی خاموشی سے اپنی نفرت کا اظہار کیا۔ ان مظاہروں میں پاکستان کے ہزاروں جوانوں اور بچوں نے فلسطینی بچوں اور ماؤں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر کفن پہن رکھے تھے۔ کراچی میں بھی مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے فلسطین کی حمایت میں بہت بڑا مظاہرہ ہوا۔ اس مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس