Jan ۳۰, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۲ Asia/Tehran
  • مچھ جیل پر حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بی ایل اے نے قبول کرلی

بلوچستان کے علاقے بولان میں جیل سمیت تین مقامات پر دہشتگردانہ حملے کئے گئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق بولان کے علاقے مچھ میں پہاڑوں سے کالعدم تنظیم کے شدت پسندوں نے 15 راکٹ فائر کیے جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ بولان کے کم از کم تین مقامات پر حملہ کیا گیا جس میں مچھ جیل، ریلوے اسٹیشن اور لیویز تھانہ شامل ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکوں اور فائرنگ سے شہری خوف کا شکار ہوگئے جبکہ علاقے کی بجلی بھی اچانک بند ہوگئی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ مچھ جیل پر کیا گیا جس کا مقصد جیل سے ساتھیوں کو چھڑانا تھا تاہم دہشت گردوں کو کامیابی نہ مل سکی۔

دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مؤثر جواب  کے نتیجے میں پسپا ہوگئے اور پانچ دہشت گرد مارے گئے جس کی بلوچستان حکومت نے تصدیق کی ہے۔ تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک شہری اور ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جب کہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔

دہشت گردوں نے ایک حملہ ریلوے اسٹیشن پر بھی کیا جہاں راکٹ حملے میں ریلوے پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

امن و امان کی مخدوش صورتحال کے سب کئی ٹرینوں کو ملتوی کردیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا، کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو بھی منسوخ کیے جانے کا امکان ہے بولان میں امن وامان کی صورتحال کے میں خلل کے باعث ٹرین منسوخ کی گئی، سبی تا ہرنائی ٹرین کو بھی منسوخ کر دیا گیا۔

مچھ جیل کے سپرنٹنڈنٹ جمیل ترین نے کہا ہے کہ حملے میں قیدی اور عملہ بالکل محفوظ رہے، جیل کے اطراف تاحال سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق راکٹ جیل پر بھی گرا ہے جس میں جیل کے مرکزی دروازے اور دیوار کو نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایم ڈی ٹراما سینٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے کہا ہے کہ مچھ اور کولپور فائرنگ میں اب تک 13 زخمیوں کو ٹراما سینٹر کوئٹہ منتقل کیا گیا جن میں سے دو زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

نگراں وزیر اعلیٰ علی مردان ڈومکی نے مچھ اور گردونواح میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ بلوچستان کو بحالی امن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب بلوچستان کے ضلع بولان میں سیکیورٹی فورسز نے مچھ جیل پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا تھا، حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

ٹیگس