Feb ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۱:۵۴ Asia/Tehran
  •  آصف زرداری صدرپاکستان، شہباز شریف وزیراعظم پاکستان

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں حکومت سازی کیلیے معاہدہ طے پاگیا، جس کے مطابق وزیراعظم ن لیگ کا اور صدر پیپلزپارٹی کا ہوگا۔

سحرنیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ مذاکرات کے لیے قائم پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی کمیٹیوں نے بڑی محنت کے بعد اپنا کام مکمل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اب آپ کو بتا سکتا ہوں کہ اب پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کے نمبرز پورے ہو چکے ہیں اور ہم حکومت سازی پر عملدرآمد کریں گے، ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔

بلاول نےمزید کہا کہ جو جماعت سنی اتحاد کونسل کے نام سے قومی اسمبلی میں موجود ہے، ان کے پاس حکومت بنانے کے نمبرز موجود نہیں تھے اور اب پاکستان کو اس بحران سے نکالنے اور ہمارے معاشرے میں پھیلی تقسیم کو ختم کرنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی مل کر حکومت بنانے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ چند دن پہلے اور درجہ بدرجہ پیپلز پارٹی کے زعما نے جیت کرآنے والے آزاد امیدواروں کو یہ پیغام دیا کہ اگر وہ حکومت بنا سکتے ہیں تو بڑے شوق سے بنائیں، قوم کو اپنی اکثریت دکھائیں، ہم ناصرف اس کو دل سے قبول کریں گے بلکہ مبارکباد بھی پیش کریں گے اور آئین کے مطابق ہم باقاعدہ اپوزیشن بینچز پر بیٹھیں گے اور وہ کاروبار حکومت چلائیں کیونکہ یہ اس وقت ملک کی اہم ترین ضرورت ہے۔

در ایں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ جس میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط تسلیم کر کے شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا۔ جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کے پاس ہوگا جبکہ وفاق میں ن لیگ کا وزیراعظم ہوگا۔

معاہدے کے تحت صدر پاکستان آصف زرداری جبکہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے۔ اس کے علاوہ قومی کا اسپیکر ن لیگ جبکہ سینئٹ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔ چاروں صوبوں کے گورنرز کے حوالے سے بھی دونوں جماعتوں میں بات چیت طے ہوگئی، جس کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں ن لیگ جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی کا گورنر ہوگا۔

معاہدے کے تحت دونوں جماعتیں بلوچستان میں مخلوط حکومت قائم کریں گی، حکومت عرصے کا آدھا وقت ن لیگ جبکہ آدھا وقت وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہوگا۔

ٹیگس