ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل پاکستان کی اولین ترجیح ہے: سینیٹرفاروق ایچ نائیک
پاکستانی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل اور بریکس میں شمولیت پاکستان کی نئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی سینٹ کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹرفاروق حمید نائیک نے سینٹ میں اس کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر تاکید کے ساتھ کہا کہ پاکستان انرجی کے بحران کے حل اورایک پائیدار اور دائمی طریقہ کار کے حصول کے لئے ایران کے ساتھ مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرے گا۔
پاکستانی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ نے گوادر بندرگاہ سے ایران کی سرحد تک پائپ لائن تعمیر کرنے کے منصوبے پر پاکستانی کابینہ کی انرجی کمیٹی کی موافقت پر ردعمل میں کہا کہ پاکستانی عوام انرجی سیکیورٹی کے خواہاں ہیں اور یہ مقصد ایران سے گیس کی منتقلی کے پروجیکٹ سے ہی ممکن ہے
پاکستان کی وزارت پیٹرولیئم نے بھی ایک بیان جاری کرکے ایران کے ساتھ مشترکہ گیس پائپ لائن پروجیکٹ کی تکمیل کو انرجی سیکیورٹی ميں استحکام کا باعث قرار دیا ۔