Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۲:۳۶ Asia/Tehran
  • شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم بن گئے، ایوان میں زبردست نعرے بازی

قومی اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو پاکستان کا نیا وزیراعظم منتخب کرلیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کی قومی اسمبلی  کےاسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح شروع ہوتے ہی نعرے بازی بھی شروع ہو گئی۔ سنی اتحاد کونسل اور ن لیگی اراکین آمنے سامنے آگئے، چور چور اور جعلی مینڈیٹ نہ منظور کے نعرے لگائے جارہے ہیں جس سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔

جے یو آئی ف نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا جبکہ اختر مینگل نے اجلاس میں شرکت کی لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا۔

ووٹنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف قائد ایوان منتخب ہوگئے۔ انہیں 201 ووٹ ملے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کیے۔

مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق نے شہباز شریف کی حمایت کی۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کی بلوچستان نیشنل پارٹی نے حمایت کی۔

محمد شہباز شریف سابق وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی ہیں اور وہ 1950 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔

شہباز شریف میاں محمد شریف کے دوسرے صاحبزادے ہیں، وہ ایک بااثر تاجر اور مشترکہ طور پر اتفاق گروپ آف کمپنیز کے مالک ہیں۔

 شہباز شریف پہلی بار 1988 میں پنجاب اسمبلی کے ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔

  1990 میں این اے 96 لاہور 5 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

  1993 پی پی 125 لاہور 10 کے حلقے سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی، انہیں قائد حزب اختلاف کے طور پر نامزد کیا گیا۔

1997 میں پی پی 125 لاہور سے تیسری مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوکر صوبے کے وزیر اعلیٰ بنے۔

1999 میں فوجی بغاوت کے بعد انہیں معزول کردیا گیا اور وہ سعودی عرب چلے گئے۔

  2007 میں 8 برس جلا وطنی میں گزارنے کے بعد واپس پاکستان آئے۔

  2008 میں چوتھی مرتبہ بھکر سے صوبائی اسمبلی کی نشست جیتی، دوسری بار صوبے کے وزیراعلیٰ بنے۔

  2013 میں لاہور سے ایک مرتبہ پھر اسمبلی کے رکن بنے، تیسری بار پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے۔

  2018 میں اپنے بڑے بھائی نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہوئے۔

  2018 میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے عمران خان کے مقابلے میں وزیراعظم کا انتخاب لڑا جس میں عمران خان 176 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے اور شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے، بعدازاں شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نامزد ہوئے۔

سنہ 2022 میں عمران خان کو عدم اعتماد کے ووٹ سے وزارتِ عظمی کی کرسی سے ہٹا کر جب وہ پہلی مرتبہ وزیراعظم بنے تو ان کے بڑے بھائی نواز شریف ملک میں موجود نہیں تھے۔

اور اب ایک بار پھر 9 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات کے نتائج اور نئی قومی اسمبلی تشکیل ہونے کے بعد وہ دوسری بار وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔

ٹیگس