Mar ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۲:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر پیش رفت ہورہی ہے: پاکستان

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہمسایوں سے تعلقات کا تعین نئی کابینہ یا وزیرخارجہ کریں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ایران-پاکستان گیس پائپ لائن پر پیش رفت ہورہی ہے، وفاقی کابینہ نے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ کے دوران مزید بتایا کہ پاکستان کے اندر 80 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن کی تعمیر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایوں سے تعلقات کا تعین نئی کابینہ یا وزیرخارجہ کریں گے، بھارت سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ برابری، عزت و احترام کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی سینٹ کی کمیٹی کے سربراہ سینیٹرفاروق ایچ نائیک نے بھی سینٹ میں اس کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان انرجی کے بحران کے حل اورایک پائیدار اور دائمی طریقہ کار کے حصول کے لئے ایران کے ساتھ مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرے گا۔

پاکستانی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ نے گوادر بندرگاہ سے ایران کی سرحد تک پائپ لائن تعمیر کرنے کے منصوبے پرکہا کہ پاکستانی عوام انرجی سیکیورٹی کے خواہاں ہیں اور یہ مقصد ایران سے گیس کی منتقلی کے پروجیکٹ سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔

پاکستان کی وزارت پیٹرولیئم نے بھی ایک بیان جاری کرکے ایران کے ساتھ مشترکہ گیس پائپ لائن پروجیکٹ کی تکمیل کو انرجی سیکیورٹی ميں استحکام کا باعث قرار دیا تھا ۔

ٹیگس