Mar ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • کیا سائفر جھوٹا تھا؟

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو نے جھوٹا بیان دیا اس پر اسد مجید کو بلایا جانا چاہیے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے امریکی سفیر ڈونلڈ لو کے بیان پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ اگر سائفر نہیں تھا تو پھر امریکی سفیر کو بلا کر ڈی مارش کیوں کرایا گیا؟

اسلام آبادہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ امریکہ میں کانگریس کی ہونے والی سماعت میں ڈونلڈ لو نے حکومت کی منجی ٹھوک دی ہے، شہباز شریف صاحب پچھلے 18 مہینے تک کہتے رہے کہ کوئی سائفر نہیں،  اگر سائفر نہیں تو بانی پی ٹی آئی پر کس چیز کا کیس ہے اگر کیس ہے تو جھوٹ کیوں بولا گیا ۔

علی محمد خان نے کہا کہ شہباز شریف اور اس کی حکومت پہ 62 ، 63 لگنا چائیے، اسد مجید ہمارے ملک کے مایہ ناز ڈپلومیٹ تھے ان کو ڈونلڈ لو کے بیان پر رد عمل دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 25 رمضان سے پہلے جیل سے باہر ہوں گے، عدلیہ بہت جلد سائفر کیس پر انصاف کرے گی اور عدلیہ سے انصاف کی توقع ہے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ لو نے جھوٹا بیان دیا اس پر اسد مجید کو بلایا جانا چاہیے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اس پر سزا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سائفر تھا نہیں تو پھر بانی پی ٹی آئی کو غلط سزا ہوئی، جبکہ سائفر آنے کی تصدیق اس وقت کے سفیر نے بھی کی، مداخلت تھی یا سازش غیرت مند پاکستانی ہونے کے ناطے برداشت نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کر کے حکومت بنی، عوام نے انہیں ووٹ نہیں دیا، تاریخ کی بدترین دھاندلی ہوئی، پی ٹی آئی کی 180 سیٹیں چوری ہوئیں، عوام کی سپورٹ حکومت کے ساتھ نہیں، کیا ڈیلیور کریں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعوی کیا کہ بانی پی ٹی آئی کبھی ڈیل نہیں کریں گے، ملک کے ساتھ جو تجربہ کیا گیا اس نے عوام کو نقصان پہنچایا، وزیراعظم خود فارم 47 والے ہیں،میں ان سے کیا بات کروں؟

ٹیگس