پہلی مرتبہ کسی اسلامی ملک نے اسرائیل کا مقابلہ کیا، فلسطینیوں کے حوصلے بلند ہو گئے: سینیٹر مشاہد حسین سید
سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف ایران کا ایکشن جائز اور دفاعی تھا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان مسلم لیگ کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ایران نے جو ایکشن کیا، اس کی اسرائیل اور امریکا کو توقع نہیں تھی، تہران کا جواب جائز اور دفاعی تھا۔
مشاہد حسین سید نے یہ بھی کہا کہ پہلی مرتبہ کسی اسلامی ملک نے اسرائیل کا مقابلہ کیا ہے۔ 6 ماہ میں پہلی بار ہوا کہ غزہ پر اسرائیل نے راکٹ نہیں برسائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ساڑھے تین سو ڈرون مارے ہیں، فلسطینیوں کو پہلی مرتبہ پتہ چلا کہ کوئی اسلامی ملک کھڑا ہے۔
مسلم لیگی سینیٹر نے کہا کہ ایران نے سفارتی اور اسٹریٹیجک طور پر بڑی سوچ سمجھ کر پلاننگ کی، تہران کا حملہ متوقع تھا، ایران دراصل اسرائیل کے گھر پہنچ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر ایران کے خلاف جارحیت کی، نیتن یاہو کو پتہ ہے جس دن جنگ ختم ہوگی اس کا خاتمہ ہوجائے گا۔
مسلم لیگی سینیٹر نے کہا کہ اسرائیل مزاحمت تنظیم حماس کے خلاف سفارتی، اخلاقی اور قانونی طور پر جنگ ہار چکا ہے۔