Apr ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے: حکومت پاکستان

حکومت پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کے عنقریب انجام پانے والے دورہ پاکستان کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے تعلقات میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے پڑوسی اور برادر ملک ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

پاکستانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علاقائی صورت حال کے پیش نظر ایران کے صدر کا دورہ پاکستان انتہائی اہم ہے اور دوطرفہ تعلقات کو پہلے سے بھی زیادہ مستحکم بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

پاکستان کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایران کے صدر کے پرتپاک استقبال کے لئے، سبھی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہيں اور پاکستان کے اعلی حکام اس دورے کو کامیاب بنانے میں پرعزم ہیں۔

اس ملاقات میں ایران کے صدر کے دورے کے موقع اور سیاسی اور سیکورٹی سے متعلق پروٹوکول کو بھی حتمی شکل دی گئی اور اس پر بھرپور تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان سیکورٹی سے متعلق معاہدے کی ایرانی پارلیمنٹ نے پچھلے سال ہی منظوری دے دی تھی اب ہم اس بات کے منتظر ہيں کہ پاکستان کی پارلیمنٹ بھی جلد سے جلد اس معاہدے کی توثیق کردے۔ ایران کے سفیر نے اقتصادی اور تجارتی میدانوں میں بھی دوطرفہ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

ٹیگس