May ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • اپوزیشن کا اہم اجلاس، آئین بحالی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ

حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس منعقد ہوا۔

سحر نیوز/ پاکستان: تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اجلاس میں آئین کی بحالی کے لیے ملک گیر مہم چلانے اور فیصل آباد، کراچی کے جلسوں کیلئے انتظامیہ کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا، بی این پی مینگل کے رہنما ساجد ترین، ثناءاللہ بلوچ، ایم ڈبلیو ایم کے ناصر شیرازی اور ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی شریک تھے۔

اپوزیشن اتحاد کا کہنا ہے کہ عوامی اجتماعات ہمارا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، جلسے ہر صورت کرینگے، ملک میں جمہوریت ختم اور آئین کے ساتھ کھلواڑ ہو رہا ہے، ہماری تحریک آئین کی بحالی تک جاری رہے گی۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں آئین توڑنے والوں کو قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔

اجلاس میں گوادر میں دہشتگردی کے واقعے میں 7 بے گناہ افراد کے قتل اور لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا پر بہیمانہ تشدد اور گرفتاریوں کی پُرزور مذمت کی گئی ۔ پنجاب میں کسانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن کی 6 جماعتیں حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کریں گی، جسے تحریک تحفظ آئین پاکستان (ٹی ٹی اے پی) کا نام دیا گیا ہے۔

ٹیگس