آصف علی زرداری کے بعد وزیراعظم شہباز شریف بھی صدر کے عہدے سے مستعفی
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے استعفیٰ پارٹی قائد نواز شریف کو ارسال کردیا، انہوں نے دو روز قبل پارٹی قائد کو اس فیصلےسےآگاہ بھی کردیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 18 مئی کو طلب کرلیا گیا جس میں نواز شریف کو پارٹی صدر منتخب کیاجائےگا۔
اس سے قبل 2 مئی کو پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی صدارت سے استعفیٰ دیا تھا۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کیا تھا جس پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے ان کے خطاب کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
عمر ایوب نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ نہیں دیا، وہ صدر کے عہدے پر غیر آئینی طور پر تعینات ہیں۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری مارچ 2024 میں دوسری مرتبہ پاکستان کے 14 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔