عالمی برادری صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی فوری طور پر روک تھام کرے: پاکستانی وزیراعظم
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی برادری صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی فوری طور پر روک تھام کرے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے تاکید کی ہے کہ عالمی برادری کو غزہ اور رفح میں صیہونی جارحیت بند کرانے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرنا ہوں گے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے رفح کے خلاف بڑھتے صیہونی جرائم پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ غزہ اور رفح کے خلاف وحشیانہ صیہونی جرائم کا سلسلہ روکنے کے لئے موثر کردار ادا کرے ۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتھے عام شہریوں کا تحفظ کرنا عالمی برادری کی سنگین ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ صیہونی جرائم کی جو بین الاقوامی قوانین، ہیگ کی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، شدید مذمت کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی جارحیت میں اب تک چھتیس ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں ہزاروں گھر تباہ ہو چکے ہیں اور فلسطینی شہری کھلے آسمان کے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہو گئے ہیں جبکہ غزہ اور رفح میں فلسطینی عام شہریوں کا بہیمانہ قتل عام ہوتا رہا ہے اور یہ سلسلہ روکے جانے کی اشد ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع میں تمام مسلم ملکوں کے متحد ہوجانے اور اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے موثر اقدام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کئے جانے سے متعلق بعض یورپی ملکوں کا اقدام قابل ستائش ہے۔