اسرائیلی حملوں میں شدت کی وجہ سے غزہ کے حالات ہوئے ابتر، پاکستان کے وزیر اعظم نے کیا گہری تشویش کا اظہار
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے غاصب صیہونی حکومت کے مسلسل وحشیانہ حملوں اور ہزاروں فلسطینیوں کے بے گھر ہونے کے بعد خان یونس کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ خان یونس پر اسرائیلی حملوں میں شدت کی وجہ سے بگڑتی ہوئی صورتحال نے ایک لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو بے گھر کر دیا ہے۔ انہوں نے خان یونس کے محاصرے اور پینے کے پانی، خوراک اور دیگر بنیادی اشیاء کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں انسانی تباہی واقع ہوئی ہے اور وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کے سنگین جرم کا ارتکاب کر رہی ہیں، لہٰذا اس سانحے کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کرایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستانی یونیورسٹیاں فلسطینی میڈیکل طلباء کی میزبانی کے لیے تیار ہیں اور وہ پاکستان میں اپنی تعلیم مکمل کر سکتے ہیں۔