Sep ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
  • عمران خان اسرائیل کا حمایتی، یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل سے پاکستانی میڈیا میں ہلچل

آرٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان اسرائیل مخالف بیان دینے کے باوجود اسرائیل سے بہتر تعلقات کے اشارے دیتے رہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دیا گیا جس کے بعد پاکستانی میڈیا میں بیان بازی کا ایک لامتناہی سلسلہ شروع ہو گیا۔

آرٹیکل میں لکھا گیا ہے کہ عمران خان اسرائیل مخالف بیان دینے کے باوجود اسرائیل سے بہتر تعلقات کے اشارے دیتے رہے، عمران خان اسرائیل کیلئے ہم خیال سیاستدان ہیں اور بانی پی ٹی آئی کی انتخابات میں کامیابی پاک اسرائیل تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینے کا موقع ہے۔

اسرائیلی اخبار کے آرٹیکل میں دعوی کیا گیا کہ اسرائیل دوست خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک فوائد ہیں لیکن پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ سے مزاحمت کا سامنا ہے، فوجی اسٹیبلشمنٹ نے طویل عرصہ اسرائیل کےساتھ تعلقات کومعمول پر آنے سے روکا اس لئے اسرائیل سے تعلقات کیلئے پاکستان کی موجودہ سیاسی قیادت کو بدلنا ہوگا کیونکہ عمران خان اسرائیل کے حمایتی اور اسٹیبلشمنٹ و سیاسی قیادت کے مخالف ہیں۔

اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ انہیں ملک پر دوبارہ مسلط کرنے کے لیے مہم چلائی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں یروشلم پوسٹ میں ایک مضمون شائع ہوا، اسرائیلی اخبار کے مطابق بانی پی ٹی آئی پاکستان میں واحد قابل قبول شخص ہیں۔

جبکہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو ہم خیال شخص قرار دیا، عمران خان اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔

تحریک انصاف یا عمران خان کی جانب سے ابھی تک اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل سے متعلق کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹیگس