کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کی مذمت، ایمرجنسی نافذ
ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 25 افراد جاں بحق اور 50 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے صوبے بلوچستان کے مرکزیک شہرکوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی اس ملک کے وزیرِ اعظم شہباز شریف، قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مذمت کی ہے۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد، انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی، دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز سرگرم عمل ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں ملوث شرپسند عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کر کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے جا چکے ہیں۔
دھماکا جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت پلیٹ فارم پر ہوا۔ پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس نے 9 بجے روانہ ہونا تھا۔ دھماکے کے بعد سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ اسپتال میں آپریشن تھیٹر، طبی امداد کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کو ہنگامی طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔
دھماکے میں 25 افراد جاں بحق اور 50 سے زیادہ زخمی ہوئے۔ ایم ایس سول اسپتال کے مطابق جاں بحق افراد میں خاتون بھی شامل ہے۔