Nov ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۳:۰۴ Asia/Tehran
  • بلوچستان: نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 22 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق و زخمی

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 22 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق و زخمی ہوگئے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قلات کے علاقے میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے  قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 62 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

ادھر آئی جی پنجاب عثمان انور نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیشِ نظر صوبے میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

ٹیگس