حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل، پی ٹی آئی کا خیر مقدم
پی ٹی آئی نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان، سینیٹر عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔ جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے عمر ایوب، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، علی امین خان گنڈا پور اور صاحبزادہ حامد رضا کمیٹی میں شامل ہیں۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے قومی اسمبلی کےاسپیکرایاز صادق نے کہا کہ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کےلیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو کل دن ساڑھے 11 بجے ملاقات کی دعوت دی ہے، کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹرگوہر نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کو خوش آئند قراردیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، کمیٹی کی تشکیل خوش آئندبات ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مزاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔