پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن کے مابین مذاکرات کا پہلا دور، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا؟
پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن کے مابین آج مذاکرات کا پہلا دورقومی اسمبلی کے اسپیکر کے چیمبر میں ہوا۔ جس کے بعد حکومتی اتحاد کی کمیٹی اور اپوزیشن اتحاد کی کمیٹی کے درمیان پہلی باضابطہ نشست کا اعلامیہ سامنے آگیا۔
سحرنیوز/ پاکستان: اجلاس کے اعلامیے کے مطابق دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نےخیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کو مثبت پیشرفت قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا اہم فورم ہے، مذاکراتی عمل جاری رہنا چاہیے۔
اعلامیے کے مطابق اس موقع پر اپوزیشن کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا اور طے پایا کہ اگلی میٹنگ میں اپوزیشن کمیٹی تحریری طور پر مطالبات اور شرائط پیش کرے گی۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں نچھاور کرنے والوں کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں ہم سب قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کی باہمی مشاورت سے طے پایا کہ اگلا مذاکراتی اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔
ہر چند کہ مذاکرات کا پہلا دور اچھے ماحول میں انجام پایا تاہم تحریک انصاف اور حکومتی اتحاد ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہے ہیں اور جب تک یہ نہیں رکے گا اس وقت تک مذاکرات کی کامیابی کی امید نہیں کی جا سکتی۔