طالبان کی گولی سے زخمی ہونے والی ملالہ یوسفزئی اسرائیل کے بارے میں کیا کہتی ہیں؟
ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے پورا تعلیمی نظام تباہ کردیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق ”مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، موقع اور چیلنجز“ کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ عالمی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے عالمی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے فلسطین میں غاصب صہیونی حکومت کی جاری جارحیت پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل نے پورا تعلیمی نظام تباہ کردیا ہے، فلسطینی بچوں نے اپنی زندگیاں اور اپنا مستقبل قربان کردیا۔
ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان خواتین کو انسان نہیں سمجھتے، انہوں نے ایک دہائی سے خواتین سے تعلیم کا حق چھین رکھا ہے۔
ملالہ یوسفزئی نے عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں 12 کروڑ لڑکیاں اسکول نہیں جاسکتیں، پاکستان میں ایک کروڑ 25 لاکھ لڑکیاں اسکول نہیں جاسکتیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچی تھیں۔
واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 2012 میں پاکستانی طالبان کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد بیرون ملک منتقل ہو گئی تھیں۔