شام اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر
پاکستان نے شام اور لبنان سے اسرائیل کے انخلا اور فلسطین پر قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے شام اور لبنان کی سرزمین سے اسرائیل کے انخلا، لبنان اور شام کی خودمختاری کے احترام اور فلسطین کی سر زمین پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے جولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے شام کی علاقائی سالمیت کی بحالی کے ساتھ ساتھ ایک جامع حکومتی ڈھانچے کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستانی سفیر نے سلامتی کونسل میں مطالبہ کیا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو بحال کیا جانا چاہیے، شام کی جولان کی پہاڑیوں پر غاصب اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی اور کالعدم ہے، جیسا کہ سلامتی کونسل نے اعلان کیا ہے، سلامتی کونسل کو اسرائیل کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرنا چاہیے۔
منیر اکرم نے کہا کہ شام اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر ہے، حالیہ سیاسی پیشرفت شام میں معمول، استحکام اور امن کی بحالی کا موقع فراہم کرتی ہے جو جامع اور مستحکم ہو اور شام کے اتحاد اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنائے۔
انہوں نے غیر ملکی جنگجوؤں کی موجودگی اور القاعدہ اور داعش کے دوبارہ ابھرنے کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے شام سے پیدا ہونے والی ’دہشت گردی کے خطرے‘ کے خلاف الرٹ رہنے پر بھی زور دیا۔
پاکستانی سفیر منیر اکرم نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنوبی لبنان سے انخلا کے لیے 60 روزہ ٹائم لائن کا احترام کرے، تاکہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا معاہدہ ایک جامع حل کی راہ ہموار کرے گا، جس میں ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہوگا۔