Apr ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۶:۲۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں دہشت گردی کے سدباب کےلئے نئے ادارے کے قیام کی منظوری

پاکستان میں نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز میں دہشت گردی کے مکمل سدباب کے لیے ایک نئے ادارے کی منظوری دی گئی ہے۔

سحرنیوز/پاکستان:  پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نیکٹا بورڈ آف گورنرز کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیکٹا کے تحت قائم ادارے نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نفٹیک) کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آگاہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل سدباب کے لیے انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی ادارے کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کا قیام نیکٹا کے حقیقی مقاصد کے حصول کی طرف اہم قدم ہوگا اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کار آمد ہوگا۔ نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد ، چاروں صوبائی سیکریٹریز داخلہ اور پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اور گلگت بلتستان کے انسپکٹر جنرلز (آئی جیز) بھی شریک ہوئے۔

ٹیگس