پاکستان: فضائی حدود کی بندش میں توسیع
May ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۱:۳۹ Asia/Tehran
پاکستان سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے مطابق ملک کی فضائی حدود تمام پروازوں کے لیے اتوار کی دوپہر تک بند ہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) نے ہفتے کے روز ایک بیان جاری کیا جس میں میں کہا گیا کہ ملک کی فضائی حدود اتوار کے دن 12 بجے تک تمام پروازوں کے لیے بند رہیں گی۔ یہ فیصلہ ہندوستانی میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں پاکستانی فوج کی جانب سے ہندوستان کے خلاف میزائل آپریشن کے چند گھنٹے بعد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ منگل 22 اپریل کی شام کو ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے 90 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سیاحتی علاقے پہلگام میں سیاحوں کے ایک گروپ پر مسلح افراد نےحملہ کیا جس میں کم از کم 27 افراد مارے گئے۔ ہندوستانی حکام نے واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے اس حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا۔ اس کے بعد نئی دہلی نے 6 مئی 2025 کو منگل کی رات ایک بیان میں کہا کہ ملک کی فوج نے پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں نو پوائنٹس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا، جو حکام کے بقول دہشت گردوں کے ٹھکانے تھے۔ ہندوستانی فوج نے کہا کہ نئی دہلی نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا ہے۔

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا نئی دہلی کا دعویٰ بے بنیاد ہے اور اس کا مقصد عالمی رائے کو گمراہ کرنا ہے۔ پاکستان کے لڑاکا طیاروں اور ائیر ڈیفنس فورسز نے ہندوستانی میزائل حملے کے بعد 5 ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ فریقین نے اب تک ایک دوسرے پر متعدد میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں جن میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔