Jul ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  •  پاکستان ایران کے ساتھ ، ایرانی قوم کی استقامت قابل تحسین

پاکستان کے وزیراعظم نے ایرانی قوم کی استقامت کی قدردانی کی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے جا کر ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے ایرانیوں کی یاد میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

 وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ پاکستان کی ہمدردی اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی۔

ایران کو پاکستان کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے، پاکستان کے وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے ایرانی قوم کی استقامت اور حوصلے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور سفارت کے سینئر ارکان نے پاکستان کے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ ایران کے سفارتخانے کے دورے کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ بھی پاکستان کے وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

ٹیگس