Jul ۰۱, ۲۰۲۵ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • ایران پرحملہ، پاکستان میں امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ

ایران پر امریکہ کے حملے سے متعلق پاکستان میں امریکی صدر ٹرمپ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے شہر کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت غربی کے جج امیر الدین رانا نے عالمی قوانین اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی اور ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنے کیخلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پربدھ کے روز دلائل طلب کرلیے۔

درخواست گزار جمشید علی خواجہ کے وکیل جعفر عباس جعفری ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ امریکہ نے ایران پر حملہ کیا جس کے بہت زیادہ نقصانات ہوئے، اس حملے کے اثرات وہاں بھی ہوئے جہاں یہ حملہ ہوا اور پوری دنیا میں بھی۔ جب یہ خبر چلی کہ بحری بیڑہ یہاں آرہا ہے تو لوگوں پر اس کے اثرات مرتب ہوئے تھے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا جرم ہوا ہے اس پر بات کررہے ہیں کہ کس قانون کے زمرے میں آتا ہے۔

جج امیر الدین رانا نے ریمارکس دیئے کہ ہم آپ کو مزید وقت دے رہے تاکہ آپ اس عدالت کو مطمئن کرسکیں۔

 دائردرخواست میں درخواستگزار جمشید علی خواجہ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ درخواست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرکے عالمی امن کو خطرے میں ڈالا تھا۔ کروڑوں مسلمانوں اور ہزاروں وکلاء کو جسمانی ، ذہنی و مالی نقصان پہنچا۔ پولیس کو سیکشن 154 سی آر پی سی کے تحت بیان ریکارڈ کرکے مقدمہ کے اندراج کا حکم دیا جائے۔

ٹیگس