Jul ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • برادر ملک ایران پراسرائیلی جارحیت بلاجواز، پاکستان ایران کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے: پاکستانی وزیراعظم

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے اجلاس کے موقع پر اہم ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا اور گزشتہ ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اسرائیلی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف نے ایرانی صدر کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران کے جنگ بندی کے فیصلے کی تعریف کی۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی مضبوط سفارتی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے رہبر انقلاب اسلامی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات کو برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 17 ویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں ہونے والی اموات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور برادر ملک ایران سے شہادتوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدامنی پیدا کرنے والی قوتیں اپنے مقاصد کے لیے خطے میں عدم استحکام چاہتی ہیں، ایران پر غیر قانونی اور غیر منطقی اسرائیلی حملے اس رجحان کا حالیہ مظاہرہ تھے، پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، اس جارحیت کے شعلوں نے جنوبی ایشیا کو اپنی لپیٹ میں لینے کا خطرہ پیدا کیا تھا۔

وزیراعظم  پاکستان نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے دنیا غزہ میں انسانوں کی پیدا کردہ بے مثال تباہی کا مشاہدہ کررہی ہے، ایک ایسا خطہ جو دائمی اذیت کی انتہا کو پہنچ چکا ہے، گویا انسانیت جیسے اب وجود ہی نہیں رکھتی جب کہ قحط سایہ فگن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں پر اسرائیل بلاخوف و خطر حملے کر رہا ہے، تاکہ غزہ کے بے بس اور بھوکے عوام کی واحد زندگی کی ڈور کو جان بوجھ کر کاٹا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر ہو، فلسطین ہو یا ایران، پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں معصوم لوگوں پر ظلم و بربریت کرنے والوں کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسے میں جب قدرتی موسمیاتی تبدیل ہیبت ناک صورتحال اختیار کرچکی ہے ہمیں ہندوستان کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے نئے اور تشویشناک عمل کا سامنا ہے، بھارت کا یکطرفہ طور پر عالمی بینک کی ضمانت میں طے پانے والے سندھ طاس معاہدے سے نکل جانا بین الاقوامی ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور ناقابل قبول ہے، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ٹیگس