ایران کے حوالے سے پاکستان کا تازہ ترین موقف
پاکستان کے وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے دوران گزشتہ ماہ ایران پر اسرائیل اور امریکا کے حملوں کو ناقابل قبول قراردیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ اسحق ڈار نے ایران پر اسرائیل کی جانب سے غیر منصفانہ اور غیر قانونی جارحیت اور اس کے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک کے خلاف اس طرح کی غیر قانونی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم جارحیت کو پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔
انہوں نے دیرینہ تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات، سفارتکاری اور بین الاقوامی قانون، انصاف اور غیر جانبداری کے اصولوں کے مطابق حل پر تاکید کی۔
شنگھائی تعاون تنظیم ایک 10 رکنی یوریشیائی سیکیورٹی اور سیاسی تنظیم ہے، جس کے ارکان میں چین، روس،ایران، پاکستان اور ہندوستان شامل ہیں, اس گروپ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہر سال ہونے والے سربراہی اجلاس سے قبل ہوتا ہے، جو اس سال موسم خزاں میں چین کے شہر تیانجن میں ہوگا۔