ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہباز شریف
Oct ۱۲, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افغان سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے درمیان کہا ہے کہ اسلام آباد ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دے گا۔
سحرنیوز/پاکستان: ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور یہ کہ وہ ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کی طالبان قیادت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدام کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بھی ایک پیغام جاری کرکے افغانستان کی طالبان حکومت کے موقف پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کو چاہیے کہ دہشت گردی کو ایک مشترکہ خطرے اور چیلنج کے طور پر دیکھتے ہوئے، اسے ختم کرنے کے لئےتعاون کریں۔
ادھر خبریں ہیں کہ پاکستان نے افغانستان کی متعدد سرحدی چیک پوسٹوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں افغان سرحدی فورس اور طالبان کے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان ان حملوں کو افغانستان کی جارحیت کا جواب قرار دے رہا ہے۔
بعض رپورٹوں کے مطابق، ان سرحدی جھڑپوں میں ایک عام شہری اور 2 پاکستانی فوجی مارے گئے ہیں اور کئی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔