پاکستان کے فیلڈ مارشل کی ہندوستان کو دھمکی، ایٹمی ماحول میں جنگ کی کوئی جگہ نہیں
پاکستانی فوج کے سربراہ نے ہندوستان کو خبردار کیا ہے کہ برصغیر کے جوہری ماحول میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان فوج کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کاکول میں قائم پاکستان ملٹری اکیڈمی میں افسران کی گریجویشن تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم ہندوستانی فوجی قیادت کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ جنگ شروع کرنے کے لیے کسی بھی اشتعال انگیز اقدام سے باز رہے۔ انہوں نے پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان حالیہ جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ بقول ان کے پاکستان کے خلاف دہشت گرد قوتوں کی طرف سے افغان سرزمین کا استعمال انتہائی تشویشناک ہے اور ہم طالبان حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ افغانستان میں پراکسی عناصر کو روکے۔

عاصم منیر نے پاکستان کو ہندوستان کے ساتھ حالیہ 4 روزہ جنگ کا فاتح قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا کے ایٹمی ماحول میں جنگ کی کوئی جگہ نہیں ہے، اس لیے ہم دوسرے فریق کو پرزور مشورہ دیتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کی خیال پردازی سے گریز کرے۔ انھوں نے ہندوستان کے ساتھ تمام تنازعات کو بین الاقوامی اصولوں اور باہمی احترام کے مطابق حل کرنے پر زور دیا اور دھمکی دی کہ "ہم اپنے مشرقی پڑوسی کے چھوٹے سے اشتعال انگیز اقدام کا فوری اور سخت جواب دیں گے۔"

اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں پاکستانی آرمی چیف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی تعریف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس دفاعی معاہدے کے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے لیے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ پاکستان ایران تعلقات کے حوالے سے انہوں نے تفصیلات فراہم کیے بغیر اپنی رائے میں دعوی کیا کہ اسلام آباد نے تہران کے ساتھ پرامن مذاکرات کے انعقاد میں بھی مخلصانہ کردار ادا کیا ہے۔