Nov ۱۵, ۲۰۲۵ ۱۴:۰۶ Asia/Tehran
  • پاکستان: سرحد پار کے عناصر ملک میں حملے کر رہے ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردانہ واقعات کے ذمہ دار سرحد پار کے عناصر ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتے کے روز وانا کے کیڈٹ کالج کے دورے کے دوران کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ دار سرحد پار کے عناصر ہیں۔

سید محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اشاریے اور دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات درست سمت میں جا رہے ہیں تاہم ’سرحد پار‘ کے عناصر ملک میں حملے کر رہے ہیں۔

ٹی وی  پر دکھائی گئی تقریر میں محسن نقوی نے کالج میں جمع قبائلی عمائدین سے کہا کہ پاکستان کے کئی عہدیدار (جن میں وہ خود، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور وزیر دفاع آصف خواجہ شامل ہیں) افغانستان سے دہشت گردی کے مسئلے پر بات کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں بار بار ایک بات بتائی کہ دہشت گردی کو روکا جائے، ہمارے ملک میں امن کو تباہ نہ کریں۔ محسن نقوی نے اسلام آباد میں منگل کے روز ہونے والے خودکش دھماکے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں بھی سرحد پار کے عناصر ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن آرمی پبلک اسکول جیسے حملے کو انجام دینا چاہتا تھا لیکن ہمارے بہادر سپاہیوں نے کوشش ناکام بنا دی، دہشت گردوں کو جہنم بھیج دیا اور سازش کو ناکام بنایا۔

پاکستانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے مقامی لوگ (یہ حملے کرنے کے) عادی نہیں ہیں، کچھ عرصے سے آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کسی بھی حملے میں کوئی مقامی شہری ملوث نہیں رہا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں حال ہی میں خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان صوبوں میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

 

ٹیگس