Nov ۲۴, ۲۰۲۵ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: پشاور ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ ناکام، 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق، 3 دہشت گرد بھی ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر مقام پشاور میں ایف سی کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ ناکام بنادیا گیا، 3 سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پشاور میں صدر کوہاٹ روڈ پر ایف سی  کے ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر خودکُش حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک بمبار سمیت 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 3 ایف سی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس حملے اور فائرنگ میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں 2 ایف سی اہلکار اور 3 شہری شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک بمبار نے اپنے آپ کو ایف سی ہیڈکوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اُڑا دیا، ایف سی اہلکاروں نے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پولیس چیکنگ

 

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور علاقے کی کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) میاں سعید نے بتایا کہ 3 خودکش حملہ آوروں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا، ایک خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر اڑایا جب کہ 2 خودکش حملہ آور ہیڈ کوارٹر کے اندر داخل ہوئے۔

میاں سعید نے بتایا کہ ایف سی کے اہلکاروں نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی، تینوں خودکش حملہ آور مارے گئے ہیں اور ایف سی کے اہلکاروں نے بہادری سے خودکش حملے کو ناکام بنایا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کی بدولت بڑے نقصان سے بچ گئے ہیں۔

شہباز شریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔

 

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok

ٹیگس