خفیہ ڈیل نہیں ہوئی، پاکستان کا کوئی ذاتی مفاد نہیں: اسحاق ڈار
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے اور پاکستان کا اس معاملے میں کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پس پردہ کوئی خفیہ ڈیل ہوئی ہے، جو کچھ ہے وہ تحریری طور پر اسلام آباد معاہدے کے اندر موجود ہے، پاکستان کا اس معاملے میں کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، خالصتاً امتِ مسلمہ اور عالمی امن کے لیے ثالثی کا مخلصانہ کردار ادا کیا۔
عرب میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد میں امریکہ ایران وفود میں 21 گھنٹے طویل مذاکرات کے 6 راؤنڈ ہوئے، 47 سال بعد پہلی بار امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں براہِ راست مذاکرات ہوئے۔
انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ 18 جون کو اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر حتمی دستخط ہوئے، معاہدے کی کاپیاں مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزیرِ خارجہ کے ساتھ شیئر کی گئیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ سویٹزر لینڈ کے شہر میں مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہوا، دوسرے مرحلے کے لیے 3 مخصوص تکنیکی گروپ بنائے گئے ہیں۔ پہلا گروپ نیو کلیئر پروگرام سے متعلق معاملات دیکھ رہا ہے، دوسرا گروپ پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے امور کا جائزہ لے رہا ہے، تیسرا گروپ لبنان کی صورتِ حال پر کام کر رہا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ لبنان پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے سوئٹزر لینڈ میں مذاکرات تاخیر کا شکار ہوئے، لبنان پر اسرائیلی حملوں سے سب کچھ پٹری سے اترنے کا خدشہ لاحق ہو گیا تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel