پاکستان: کراچی میں شہدائے میناب کی یاد میں بڑا اجتماع
پاکستان کے شہر کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے کے زیر اہتمام ایک پروگرام میں، میناب کے شجرہ طیبہ پرائمری اسکول اور لامرد پر وحشیانہ امریکی حملوں میں شہید ہونے والوں کو یاد کیا گیا۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے اور اسی طرح شہدائے میناب و لامرد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایرانی قونصل خانے کے زیر اہتمام پروگرام میں "رویائے میناب" یعنی "میناب کے خواب" کے زیر عنوان کراچی میں مقیم ایران کے اسکولی بچوں کی مصوری اور میناب کے شہید اسکولی بچوں کی یاد میں ان کی دل کو چھولینے والی تحریروں کی نمائش کی گئی۔

اسی کے ساتھ اسکولی بچوں نے "دفاع وطن" کے زیر عنوان لامرد اور میناب کے شہیدوں کی کلاس اور حاضری کے مناظر پیش کئے اور شہید اسکولی بچوں کی تصاویر ان کی یاد گار پر نصب کی گئيں۔
کراچی میں ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ نے حاضرین سے خطاب میں بتایا کہ یہ پروگرام شجرہ طیبہ پرائمری اسکول کے شہید بچوں کی یاد میں منعقد کیا گیا ہے جو ایران کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے پہلے ہی دن، مظلومیت کے ساتھ شہید ہوگئے۔
انھوں نے ہفتہ دفاع مقدس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں عراق کی صدام حکومت نے مغربی دنیا کی حمایت اور مشارکت سے ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی لیکن اپنے اہداف میں ناکام رہی۔
ایران کے قونصل جنرل اکبرعیسیٰ زادہ نے ایران کے عام شہریوں کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کے جرائم پر بین الاقوامی برادری کی لاتعلقی اور دوہرے معیاروں پر سخت تنقید کی اور اس قسم کے انسانیت سوز جرائم کی روک تھام کے لئے سخت اور ٹھوس اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے اپنے خطاب میں وحشیانہ امریکی اور صیہونی جارحیت کے دوران ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کے عوام کی ہمدردی، ہمدلی اور یک جہتی کی قدردانی کی اور کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لئے پاکستان کے حکام کی مساعی جمیلہ بھی قابل تعریف ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel