May ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • روس کا فنلینڈ کو نیٹو میں شمولیت کی بابت انتباہ، بجلی کی سپلائي روکی

روس نے فنلینڈ کو نیٹو میں شامل ہونے کے انجام کی بابت خبردار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ روس کے صدر ولادی میرپوتین نے اپنے فنش ہم منصب ساؤلی نینسیتا سے بات چیت اور یوکرین کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ صدر پوتین نے بات چیت کو آگے بڑھاتے ہوئے واضح کیا کہ عسکری طور پر غیر جانبدار رہنے کی روائتی پالیسی کا خاتمہ ایک غلطی ہوگی کیونکہ فن لینڈ کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔     

روسی صدر نے کہا کہ اچھی ہمسایگی کے جذبے کے ساتھ جاری تعاون اب تک دونوں ملکوں کے لیے سود مند رہا ہے اوراس میں فروغ بھی پیدا ہوا ہے لیکن فن لینڈ کی سیاسی حکمت عملی میں اس طرح کی تبدیلی باہمی تعلقات پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں فن لینڈ کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کی درخواست کے بعد، روسی فضائیہ نے، کالینن گراڈ میں فضائی حملوں سے بچاؤ کی مشقیں انجام دی ہے جس میں سوخو ستائیس قسم کے طیاروں نے حصہ لیا۔ یہ مشقیں فن لینڈ کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کی درخواست کے اعلان کے دو روز بعد  انجام پائی  ہیں اور کہا جارہا ہے کہ سوئڈن کی جانب سے ایسی درخواست دیئے جانے کا امکان ہے۔

اس سے پہلے اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے دی متری پولیانسکی نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سوئیڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کے نتیجے میں یہ ممالک روسی فوج کے ممکنہ نشانہ پر آجائیں گے۔

درایں اثنا روسی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر اور قوم پرست سیاسی جماعت رودینا کے سربراہ الیکسی ژورا لیوف نے مقامی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور فن لینڈ کے درمیان دوسری عالمی جنگ کے بعد سے تعلقات اچھے رہے ہیں تاہم ہلسنکی حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے ماسکو کے لیے مشکلات کھڑی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک مقالے میں فن لینڈ کو متنبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مشکلات کھڑی کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ  دوسروں کے لیے کھڑی کی جانے والی مشکلات ایک دن خود ان کے گلے پڑجائیں گی۔

واضح رہے کہ روس اور فن لینڈ کے درمیان ایک ہزار تین سو کلومیٹر مشترکہ سرحدیں پائی جاتی ہیں۔ نیٹو میں فن لینڈ کی رکنیت کے معاملے پر روس کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے اور یہ معاملہ متعدد بار بین الاقوامی خبروں کی زینت بن چکا ہے۔ روس پہلے ہی  کہہ چکا ہے کہ فن لینڈ کی نٹیو میں شمولیت اس کے لیے خطرہ ہے اور ماسکو اس پر ہر گز خاموش نہیں رہے گا۔

اس درمیان اطلاعات ہیں کہ روس نے فنلینڈ کو بجلی کی سپلائي روک دی ہے۔

 

 

ٹیگس