Aug ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان و یونان میں بڑھتی قربت، ہندوستانی فضائیہ کمانڈر کا دورۂ یونان

ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ کا یونان کا دورہ متوقع ہے جس کو ترکی اور پاکستان کے قریبی تعلقات کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ وی آر چوہدری عنقریب یونان کا دورہ کرنے والے ہیں، ماہرین کے مطابق یہ دورہ بہت اہمیت کا حامل ہو سکتا ہے۔یونان نیٹو کا اتحادی ملک ہے جس کے پاس رافائل اور ایف سولہ  امریکی جنگی طیارے موجود ہیں اور رفائیل بمقابلہ ایف سولہ طیاروں کی ٹیکنکل معلومات اور تجربہ موجود ہے اور ہندوستان اس مہارت سے استفادہ کر سکتا ہے۔

ترکی پاکستان کا اسٹریٹجک اتحادی ہے اور دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان بہت قریبی نوعیت کے تعلقات ہیں جن کو ہندوستان اپنے لئے خطرہ سمجھتا ہے۔

ترکی اور پاکستان  کے درمیان ٹیکنالوجی، فوجی تجربات، باہمی افواج کی تربیت اور مختلف ہتھیاروں کی فراہمی جیسے میدانوں میں تعاون جاری ہے، ترکی ساختہ بیرکٹرٹی بی 2 نامی ڈرون بھی ہندوستان کےلئے سردرد کا باعث بنا ہوا ہے۔ ہندوستان کو یقین ہے کہ ترکی نے یہ ڈرون طیارے پاکستان کو فراہم کئے ہیں جن کو پاکستان، ہندوستان کے خلاف استعمال کر سکتا ہے۔

مارچ میں پاکستانی فضائیہ کے تعلقات عامہ کے شعبے نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں بیرکٹرٹی بی 2ڈرون کے علاوہ اس کے جدید ورژن اکنسی  ڈرون کو بھی ایک پاکستانی ائیربیس پر دکھایا گیا تھا۔

اسی طرح سے ہندوستان یونان کو ایس 400 سسٹم کے بارے میں اطلاعات  فراہم کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ روس ساختہ یہ میزائل سسٹم ترکی کے زیر استعمال بھی ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان براہموس میزائل بھی یونان کو فراہم کر سکتا ہے جو یونان کے رافائیل طیاروں پر فٹ کئے جاسکتے ہیں اور ترکی کے لئے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں۔

 

ٹیگس