Aug ۲۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • پوٹین کے قریبی مشہور روسی مفکر کی بیٹی مشکوک طریقے سے قتل
    پوٹین کے قریبی مشہور روسی مفکر کی بیٹی مشکوک طریقے سے قتل

روسی صدر کے قریبی مشہور روسی فلسفی، نظریہ پرداز کی بیٹی باپ کی گاڑی میں مشکوک طریقے سے ہلاک، الیگزنڈر ڈوگین کسی دوسری گاڑی میں گھر پہنچے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مشہور روسی فلسفی اور مفکر الیگزنڈر ڈوگین کی بیٹی کار میں ہونے والے ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئی ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق  الیگزنڈر ڈوگین کی بیٹی داریا ڈوگینا ولادی مشکوک طور پر ہونے والے ایک کار دھماکے میں ماری گئی۔ الیگزنڈر ڈوگین کو روسی صدر ولادیمیر پوٹین کا بہت قریبی شخص جانا جاتا ہے۔ روسی ذرائع کے مطابق ڈوگین خاندان کے ایک قریبی شخص نے ڈوگین کی بیٹی کے قتل کی تصدیق کی ہے۔

روسی فلسفی اور مفکر الیگزنڈر ڈوگین

ذرائع کے مطابق جس گاڑی میں یہ حادثہ رونما ہوا، وہ الیگزنڈر ڈوگین کی گاڑی تھی اور اصل ہدف الیگزنڈر ڈوگین ہی تھے مگر داریا ڈوگین اپنی گاڑی میں جانے کے بجائے اپنے باپ الیگزنڈر ڈوگین کی گاڑی میں گئی جبکہ خود الیگزنڈر کسی دوسرے ذریعے سے واپس اپنے گھر پہنچے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی الیگزنڈر ڈوگین کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ دھماکے اور اس میں ڈوگین کی بیٹی کے ہلاکت کی ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اصل مقصد ڈوگین کو قتل کرنا تھا۔

الیگزنڈر ڈوگین  نے ایران کا بھی کئی مرتبہ دورہ کیا ہے، انہوں  نے چند سال پہلے قم میں آیت اللہ سید میر باقری سے ملاقات اور مختلف نظریاتی اور فلسفی امور پر گفتگو کی تھی جس کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ میں بہت خوش ہوں کہ ماڈرن ازم سے مقابلہ کے اصلی مرکز میں حاضر ہوا ہوں، میں نے اپنی زندگی اس مقابلہ کے لئے وقف کر دی ہے کیونکہ میری نظر میں ماڈرن ازم یعنی شیطان ازم ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے معروف ڈاکیومینٹری میکر اور جرنلسٹ نادر طالب زادہ کے کئی ٹی وی پروگراموں میں بھی شرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ وہ عراق میں چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر انجام پانے والے اربعین میلین مارچ میں بھی شریک ہوئے تھے۔

ہلاک ہونے والی انکی بیٹی کی یہ ویڈیو آجکل میڈیا اور سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

 

ٹیگس